ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / ریاستی حکومت سیاسی انتقام کا حربہ نہ آزمائے: دیوے گوڈا

ریاستی حکومت سیاسی انتقام کا حربہ نہ آزمائے: دیوے گوڈا

Wed, 24 May 2017 22:55:50    S.O. News Service

بنگلورو۔23؍مئی(ایس او نیوز) سابق وزیر اعظم اور جنتادل(ایس) سربراہ ایچ ڈی دیوے گوڈانے ریاستی حکومت پر شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہاکہ وہ پرانے کیسوں کو دوبارہ اچھال کر اپنی حریف سیاسی جماعتوں کو غیر ضروری طور پر پریشان کرنے کی کوشش کررہی ہے، لیکن جنتادل (ایس) حکومت کی ان حرکتوں سے خوفزدہ ہونے والی نہیں ہے۔میسور میں ایک اخباری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے دیوے گوڈا نے کہاکہ وہ شروع سے ہی انتقامی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔انہیں توقع تھی کہ وزیر اعلیٰ سدرامیا بھی ان کی مانند ہی انتقام کو پسند نہیں کرتے ، لیکن اب تک اسی بات کا دعویٰ کرتے آرہے سدرامیا اپنے سیاسی حریفو ں کو غیر ضروری طور پر پرانے مقدمات کی بنیاد پر نشانہ بنانے کی سیاسی سازشیں رچا رہے ہیں ۔اس طرح اپنے حریفوں کوہراساں کرنا درست نہیں ہے۔ دیوے گوڈا نے کہاکہ سدرامیا اپنے سیاسی وجود کو مستحکم کرنے کیلئے اپنے سیاسی حریفوں کو غیر ضروری طور پر نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں۔ جن لوگوں نے جرم کیاہے ان لوگوں کو سزا دینے میں کوئی حرج نہیں، لیکن غیر ضروری طور پر ہراساں کرنے کا اقدام درست نہیں ہے۔ سابق رکن پارلیمان ایچ وشواناتھ کی جنتادل (ایس) میں شمولیت کے متعلق کچھ بھی کہنے سے انکار کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ وہ مذہبی مقصد سے میسور کے دورہ پر آئے ہوئے ہیں اسی لئے سیاسی امور پر زیادہ بحث کرنا نہیں چاہتے، ان کی کوشش یہی ہے کہ آنے والے دنوں میں جدوجہد کرکے جنتادل (ایس) کو برسر اقتدار لائیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ خبریں بھی بعید از حقیقت ہیں کہ بعض میسور کے اراکین اسمبلی جنتادل(ایس) چھوڑ کر دیگر سیاسی جماعتوں میں شامل ہونے والے ہیں۔


Share: